کیاغریب اور امیر کا کورونا مختلف ہے؟

Hazrat Ali
2 min readApr 3, 2020

مورخہ ۳۱ مارچ، ۲۰۲۰

کورونا وائرس کی وبا ء نےدنیا کی بڑی بڑی حکو متوں کو گھٹنےٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ صرف چند ہفتے پہلے جو ترقی یافتہ حکومتیں اس کو زیادہ اہمیت دینے کے لیے تیار تھیں، آج وہی حکومتیں باوجود ٹیکنالوجی کے، اس وائرس کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں۔

کورونا وائرس باقی بیماریوں کے مقابلے میں کتنا مہلک ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایبولا وائرس سے جتنی اموات چار سال میں ہوئی تھیں، کورونا وائرس سے صرف پہلےتین مہینے میں ہوئی ہیں۔

ایبولا سے ہونے والی اموات ۱۱۳۰۰

کورونا سے ہونے والی اموات ۱۱۸۰۰

یہ اعداد و شمار تقریباایک ہفتہ پہلے کی ہیں۔ موجودہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے ۔ اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ ہونے والی اموات ۴۰۰۰۰ تک پہنچ چکی ہیں۔

برطانیہ کے وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم اس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ایک اور اعلی ٰ افسر نے ٹی وی پر لائیو کہا تھا کہ ہماری اپنی صلاحیتیں اتنی ہیں کہ اس پر قابو پا لیں گے۔ کسی سے ٹیکنالوجی میں مدد لینے کی ضرورت نہیں۔

یہ کسی امیر سے غریب میں ایسے ہی پھیل سکتا ہے جیسے کسی غریب سے امیر میں۔ برطانیہ کا شہزادہ چارلس بھی اس کی پکڑ سے نہ بچ سکا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن کی اہلیہ کا ٹسٹ بھی مثبت نکلا۔ اور برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن بھی اس کی وجہ سے گھر پر مقید ہیں۔

کورونا وائرس امیر غریب میں کوئی تمیز نہیں کرتا، نہ ہی امیر کا کورونا وائرس غریب سے مختلف ہے۔ کورونا نے ہمیں صحت کی سہولیات کے حوالے سے کیا سیکھنے پر مجبور کیا، یہ اہم ہے۔ کیا امیر کا کورونا غریب کے کورونا سے مختلف ہے ؟ کیا کورونا وائرس امیر غریب میں فرق روا رکھتا ہے؟ یقینا ً نہیں۔ اس نے ہمیں احساس دلایا کہ ہمارے گھر میں کام کرنے والی مائی کے بچوں کی صحت بھی اتنی ہی اہم ہے جتنا کہ ہمارے اپنے بچوں کا صحتمند ہونا۔ اور ہمارے دفتر میں جھاڑو دینے والے کے لیے وائرس سے بچنے کا مناسب اہتمام کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا ہمارے اپنے لیے۔

اس نے ہمیں احساس دلایاکہ سارے ماسک خرید کر گھر میں رکھیں گے تو کورونا وائرس سے بچاؤ نہیں ہوگا۔ بچاوٗ تب ہی ممکن ہوگا جب غریب کے لیے بھی ماسک کا انتظام کریں گے۔اس نے ہمیں بتلایا کہ دوسرے کے گھر کی آ گ نہیں بجھائیں گے تو اپنا گھر بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

--

--

Hazrat Ali

Researcher in Artificial Intelligence, Deep Learning and Medical Imaging. Senior Member IEEE